وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان وفد سے ملاقات میں شہری سندھ کی عوام کو آئندہ بجٹ میں ریلیف دینے کا وعدہ کردیا۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد میں سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، جاوید حنیف اور حفیظ الدین شامل تھے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء، اعظم تارڑ، احد چیمہ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شریک تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے نوجوان کی بیروزگاری کے مسئلہ کو اُٹھایا۔
ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی شہری و صوبائی حکومتیں شہری سندھ کے نوجوانوں کو کوٹے پر بھی روزگار فراہم نہیں کرتی، وفاق مداوا کرے۔ شہری سندھ کے عوام مہنگائی اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں سے شدید پریشان ہیں، وفاق اس کا حل نکالے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے شہری سندھ کے نوجوانوں کو وفاق میں میرٹ پر نوکریاں دینے اور خوشحال نوجوان پروگرام کے تحت کاروبار کیلئے قرض دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وفاقی حکومت اخوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شہری سندھ کے شہریوں کو سولر پینل کیلئے بھی بغیر سود قرض فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم وفد سے شہری سندھ کے عوام کو نئے آنے والے بجٹ میں بڑا ریلیف دینے کا وعدہ کیا ہے جب کہ ایم کیو ایم نے کے فور منصوبے کی جلد تکمیل اور کراچی و حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کیلئے پانچ سالہ سوشو اکنامیکل اینڈ کلچرل ڈویلپمنٹ پلان بھی مانگ لیا ہے جب کہ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم وفد کو کراچی میں یو اے ای حکومت کی ڈیسیلیشن پلانٹ میں سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔
ترجمان ایم کیو ایم نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے یہ بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ وفاق شہری سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے، جلد بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔
Notice: compact(): Undefined variable: limits in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: compact(): Undefined variable: groupby in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 73
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 79