108

پیپلز پارٹی کا اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

قومی اسمبلی اجلاس تاخیر سے بلانے پر پیپلز پارٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس تاخیر سے بلانے پر پیپلز پارٹی کی قانونی ٹیم کل سپریم کورٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف درخواست جمع کروائے گی۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے عدم اعتماد سے متعلق اپوزیشن کی جمع کی ریکوزیشن پر اجلاس 21 کی جگہ 25 مارچ کو بلاکر آئین و قانون کی خلاف ورزی کی، سپریم کورٹ میں پیپلز پارٹی کی درخواست جمع کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمںبلی مکمل طور جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی قیادت کے قانون ٹیم سے مشاورت کے بعد آج سپریم کورٹ میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس پاکستان نہیں بلکہ طالبان کیلیے ہورہا ہے ، بلاول

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14 روز میں اسمبلی کا اجلاس نہ بلانا آئین شکنی ہے، آئین شکنی پر ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بزدل کپتان عدم اعتماد کے ووٹ سے بھاگ رہا ہے، آئین میں ہے کہ عدم اعتماد پیش ہونے کہ 14 دن میں اسپیکرکو اجلاس بلانا ہے، عدم اعتماد سے متعلق آئین شکنی پر ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں جب کہ اسپیکر کے خلاف متحدہ اپوزیشن کے متفقہ فیصلے کے تحت چلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں