وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ جناب ڈان پرامودونائی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی،تجارتی، سیاسی اور ثقافتی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کے قیام کے عزم کا اظہار کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ رابطے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف آوری پر تھائی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر خارجہ نے سیاحت کے فروغ کیلئے تھائی لینڈ کے وسیع تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔
گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کا تذکرہ کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان کی پالیسی کے خدوخال سے تھائی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اپنی توجہ اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان گذشتہ کئی دہائیوں سے تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام سے، چار دہائیوں سے جاری کشیدگی کے خاتمے کا ایک موقع میسر آیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان کو معاشی انہدام سے بچانے کیلئے عالمی برادری سے انسانی بنیادوں پر افغان عوام کی معاونت کا متقاضی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے تھائی وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن اور منصفانہ حل کا خواہاں ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے تھائی ہم منصب کو بھارت سرکار کی ہندتوا پالیسیوں کے باعث، خطے کے امن و امان کو درپیش شدید خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 9 مارچ کو بھارت نے میزائل فائر کے ذریعے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اس اقدام کو حادثاتی قرار دینا، قطعی قابلِ قبول نہیں، پاکستان اس ضمن میں واضح اور سنجیدہ جواب کا متقاضی ہے۔
تھائی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ء تھائی لینڈ کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا جبکہ تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ڈان پرومودونائی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے، پرخلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں تھائی وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا جبکہ تھائی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پچھترویں یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے، پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مسٹر ڈان پرامودونائی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
Notice: compact(): Undefined variable: limits in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: compact(): Undefined variable: groupby in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 73
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 79