شہباز گل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں شہبازشریف کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی خاندانی روایات کا تسلسل برقرار رکھا جس میں وہ مخالفین کی گھر کی خواتین پر الزام تراشی بہتان بازی کرتے آرہے ہیں ، یہ ان کا نسل در نسل کام ہے۔
اپنے پیغام میں معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ ابھی چند دن پہلے یہ حضرت فرما رہے تھے کہ یہ سٹیٹ کرافٹ کرتے ہیں،ایسی گندی سوچ ہے اور سٹیٹ کرافٹ؟واضح رہے اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان انا پرست، محسن کش اور احسان فراموش ہیں اور اب عمران خان اب اقتدار کے بغیر ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اپنی دنیا میں رہتے ہیں، پونے چار سال میں عمران خان نے انتہائی تکبرانہ انداز اپنایا اور اب ان کی دم پر پاؤں رکھا گیا ہے تو لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ آزاد امیدواروں کو نہیں لوں گا مگر وہ آزاد امیدواروں کو بنی گالا میں تحریک انصاف کا دوپٹہ پہناتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کی گئی، اسپیکر جان بوجھ کر تاخیر کرتے رہے۔ اسپیکر کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں جو قانون شکنی وہ کرچکے ہیں آرٹیکل 6 لگے گا۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان کے ذہن کا مرض بڑھتا جارہا ہے اور ہم اس کو مزید بڑھائیں گے۔ وزیر اعظم سمجھتے ہیں ان کو اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان کے سرپرائز سے پہلے ہم ان کو سرپرائز دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان تاریخ کے بدترین فاشسٹ ہیں، عمران خان نے اقتدار کے لیے گھٹنوں کو ہاتھ لگائے، ضمیر کی آواز پر آنے والے دنیا کو اپنا پیغام دے رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے الزام عائد کیا تھا کہ بنی گالا میں جادو ٹونے کے لیے مرغیوں کا مَنوں گوشت جلایا جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کے پاس اقتدار نہ رہے تو کسی کو نہ ملے، کوئی غیر آئینی اقدام ہو جائے تو عمران خان خوش ہوں گے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جو غیر آئینی قدم سے پاکستان کو بچالے، کل اجلاس میں اسپیکر کو کہیں گے کہ فاتحہ خوانی کے بعد کارروائی شروع کریں، اگر اسپیکر کارروائی نہیں شروع کرتے تو ہر آئینی، قانونی، سیاسی گُر استعمال کریں گے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا تھا کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے حکومت کا بستر گول ہوچکا ہوگا، ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہماری جنگ مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی مارچ کو لاہور سے مریم نواز اور حمزہ شہباز لیڈ کر رہے ہیں، پی ڈی ایم عمران خان کو سیاسی آئینے کے ذریعے اس کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عام انتخابات کا فیصلہ مشاورت سے ہونا ہے، اتحادیوں کو قائل کررہے ہیں وہ ہمارے موقف سے اتفاق بھی کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کے اتحادی کہتے ہیں وقت دیں، سوچ و بچار اور مشاورت کررہے ہیں، امید ہے کہ حکومتی اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان باہر نکلیں ہر چوراہے ہر گاؤں میں حقائق کے ساتھ اس کا مکروہ چہرہ قوم کو دکھاؤں گا۔
Notice: compact(): Undefined variable: limits in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: compact(): Undefined variable: groupby in /home/thainewsi/public_html/wp-includes/class-wp-comment-query.php on line 860
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 73
Notice: Undefined variable: aria_req in /home/thainewsi/public_html/wp-content/themes/upaper/comments.php on line 79